Native World News

پنکی اسلام آباد، پنجاب میں بھی آپریٹ کر رہی تھی، گاہکوں کے نام سامنے آگئے ہیں، صوبائی وزیر

پنکی اسلام آباد، پنجاب میں بھی آپریٹ کر رہی تھی، گاہکوں کے نام سامنے آگئے ہیں، صوبائی وزیر

طویل فہرست موجود ہے، مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے نام ہیں لیکن منشیات کو جڑ سے نکالنا ہوگا، شرجیل میمن

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ پنکی سے ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ پنکی اسلام آباد اور پنجاب میں بھی آپریٹ کر رہی تھی اور اس کے گاہکوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی بلال جدون نے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ میرے حلقے پی ایس-109 ہجرت کالونی میں منشیات سرعام فروخت ہو رہی ہے، ریلوے ٹریک پر کھل عام منشیات فروخت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیپئر روڈ پان منڈی پر منشیات سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے، پنکی کہہ رہی میں باہر آجاؤں گی وہ ہمارے نظام پر ہنس رہی ہے اور پنکی کا عدالت میں پروٹوکول ہمارے سسٹم کے منہ پر طماچہ ہے۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ پنکی کو گرفتار کیا ہے اس کے لیے تعریف کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پنکی کو پروٹوکول دینے والے پولیس افسران کو معطل کیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے کی ضرورت پڑے تو گرفتار بھی کروں گا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس نے انٹیلجنس ادارے کی مدد سے پنکی کو گرفتار کیا، پنکی کا دوبارہ ریمانڈ لیا ہے اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں ہم سب ذمہ دار ہیں اور ہمیں ذمہ داری کا مظاہری کرنا ہوگا، تفتیش ہوجائے میں خود بتادوں گا، کسی کو بدنام کرنا ہے تو اسپیکر صاحب اجازت دیں میں نام بتا دوں گا۔

ضیا لنجار نے کہا کہ ہمارے گھروں اور بچوں تک چیزیں آگئی ہیں، نئی نسل تباہ و برباد ہوگئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ چیزیں ٹھیک ہوں اور ہم اس کیس کو رول ماڈل بنائیں گے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پنکی پنجاب اور اسلام آباد میں بھی آپریٹ کر رہی تھی، ان گاہکوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، کسی کے اوپر کیچڑ نہ اچھالیں۔

جو بھی منشیات فروشی کرتا ہے اس کے خلاف کارروائی ہوگی، شرجیل میمن

سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت باعث تشویش ہے، ہم نے سخت سے سخت مہم چلائی، میں جب ایکسائز کا وزیر تھا تو کہا تھا ہر رکن صوبائی اسمبلی اپنے آپ کو نارکوٹکس کا وزیر سمجھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا منشیات سندھ کا مسئلہ ہے لیکن یہ مسئلہ صرف سندھ کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سندھ سے منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہوگا، انمول عرف پنکی کی گرفتاری ہماری کمٹمنٹ ہے، منشیات فروش مارے بھی گئے، اور پکڑے بھی گئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو تقریر اسمبلی فلور پر کرنی چاہیے تھی، میں علی خورشیدی کی تقریر کی پر زور مذمت کرتا ہوں، پوائنٹ اسکورنگ نہیں کروں گا، جو بھی منشیات فروشی کرتا ہے اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طویل فہرست موجود ہے، میں اس پر نہیں جانا چاہتا، مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے نام ہیں لیکن منشیات کو جڑ سے نکالنا ہوگا۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ حکومت کی نیت صاف ہے، فریال تالپور نے اجلاس کے دوران پولیس افسران کو سختی سے کہا کہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جائے، آپ انفارمیشن دیں ہم ایکشن لیں گے۔

شرجیل میمن نے اپوزیشن کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے پارلیمانی لیڈر نے  بھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی۔

محکمہ ایکسائز بھی کارروائی کر رہا ہے، مکیش چاؤلہ

صوبائی وزیر ایکسائز مکیش چاولہ نے کہا کہ کارروائیاں بھرپور چل رہی ہیں، پنکی کی گرفتاری حکومت سندھ اور سندھ پولیس کی کامیابی ہے، اس طرح کی کارروائیوں سے بڑا فرق آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسائز بھی کارروائی کر رہا ہے، 700 کلو آئس ہم نے پکڑی تھی، منشیات کے خلاف کام کرنا ہم سب کا فرض ہے، ڈرگس بہت بڑی بیماری ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813241/pinki-islamabad-punjab-operate-customers-name-provincial-minister-2813241/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.