Native World News

مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے حملے، مساجد کو آگ لگا دی، متعدد فلسطینی زخمی

مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے حملے، مساجد کو آگ لگا دی، متعدد فلسطینی زخمی

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے، جہاں مختلف علاقوں میں چھاپوں، گرفتاریوں، توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے قلقیلیہ، نابلس، بیت اکسا، بیت قد اور بیت تعمیر سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کم از کم 6 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کو نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے مغربی کنارے کے دیہات جلجلیہ اور المزرعہ النوبانی میں واقع مساجد کو آگ لگا دی۔ فوری طور پر نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، تاہم مقامی افراد نے واقعے کو مذہبی مقامات پر حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

دوسری جانب بیتا کے علاقے میں اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی مراکز منتقل کر دیا گیا۔

ادھر اسرائیلی فوج نے مسلسل دوسرے روز بھی جنین کے وسطی علاقوں میں زمین ہموار کرنے اور بلڈوزر کارروائیاں جاری رکھیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے زرعی اراضی اور نجی املاک متاثر ہو رہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے بیت اللحم کے مشرق میں ایک نیا فوجی چیک پوسٹ قائم کر دیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی دوران اسرائیلی آبادکاروں نے بورین اور بیتا کے دیہات میں فلسطینیوں کے گھروں، گاڑیوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔ مقامی رہنماؤں نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کی زندگی اور املاک شدید خطرات سے دوچار ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817935/israeli-settlers-torch-mosques-attack-palestinian-homes-in-west-bank-2817935

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.