Native World News

جھانوی کپور کے بولڈ کردار پر تنقید، جگاپتی بابو کی حمایت

جھانوی کپور کے بولڈ کردار پر تنقید، جگاپتی بابو کی حمایت

فلم پیڈی کے بعض مناظر پر ناظرین کی جانب سے سخت اعتراضات سامنے آئے تھے

بلاک بسٹر فلم ’’پیڈی‘‘ کے ایک بولڈ کردار پر سوشل میڈیا میں جاری شدید بحث اور تنقید کے دوران فلم کے سینئر اداکار جگاپتی بابو اپنی ساتھی اداکارہ جھانوی کپور کے حق میں سامنے آگئے ہیں۔

جگاپتی بابو نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ فلم یا کردار پر تنقید ضرور کریں، لیکن کسی اداکار کو ذاتی طور پر نشانہ نہ بنایا جائے۔

فلم ’’پیڈی‘‘ میں جھانوی کپور کے کردار ’’اچیاما‘‘ کے بعض مناظر پر ناظرین کی جانب سے سخت اعتراضات سامنے آئے تھے، جس کے بعد صورتحال اس قدر سنگین ہوئی کہ فلم کے ہدایتکار بوچی بابو کو نہ صرف عوامی سطح پر معذرت کرنا پڑی بلکہ متنازع مناظر کو فلم سے حذف بھی کر دیا گیا۔

اس پورے تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے 64 سالہ تجربہ کار اداکار جگاپتی بابو نے جھانوی کپور کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایک آرٹسٹ کے طور پر وہ صرف ہدایتکار کے وژن کے مطابق کام کرتا ہے، اس لیے کسی اداکار کو تنقید یا ٹرولنگ کا نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔ ان کے مطابق یہ جھانوی کپور کا ذاتی فیصلہ نہیں تھا بلکہ وہی پیش کیا گیا جو ہدایتکار کی ہدایت تھی۔

انہوں نے کہا، ’’براہِ کرم اس لڑکی کو نشانہ نہ بنایا جائے، یہ سراسر ناانصافی ہے۔ تخلیقی فیصلوں کی ذمے داری پوری ٹیم کی ہوتی ہے، کسی ایک اداکار کو اس کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہیے۔‘‘

حیدرآباد میں فلم کی ’تھینک یو میٹ‘ کے دوران جگاپتی بابو نے مرکزی کردار ادا کرنے والے رام چرن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے مشکل اور رسکی موضوع پر فلم بنانا اور پھر اسے اپنے کندھوں پر اٹھانا ان کی بڑی کامیابی ہے۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ منفی ریویوز لکھنے والوں کے بھی شکر گزار ہیں کیونکہ ان کی تنقید نے انجانے میں فلم کی مزید تشہیر میں مدد فراہم کی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2816828/criticism-over-janhvi-kapoor-controversial-role-jagapati-babu-comes-out-in-support-2816828

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.