Native World News

انمول پنکی نیٹ ورک کے 2 بائیک رائیڈر گرفتار

انمول پنکی نیٹ ورک کے 2 بائیک رائیڈر گرفتار

ملزمان پنکی کے مینیجر سے رابطے میں تھے، شناخت عاقب الرحمٰن اور غلام مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی

شہر قائد میں بوٹ بیسن پولیس نے گارڈن سے گرفتار ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے جڑے 2 بائیک رائیڈرز کو گرفتار کرلیا۔

بوٹ بیسن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف سب انسپکٹر عابد حسین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 430 سال 2026 بجرم دفعات منشیات ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔ مدعی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عاقب الرحمٰن اور غلام مصطفیٰ کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھے جنھیں پولیس نے دوران گشت مین روڈ شارع غالب نزد کالا گیٹ کلفٹن بلاک 6 کے قریب مشبتہ حالت میں دیکھ کر روکا۔

مدعی کے مطابق پولیس افسر کے مطابق تلاشی کے دوران عاقب رحمٰن کی پہنی ہوئی پینٹ کی سامنے والی دائیں جیب سے 2 ڈبیاں بلاسٹک برنگ سفید اور ہری (گرین) برآمد ہوئی جنھیں چیک کیا تو اس میں کوکین برآمد ہوئی، جبکہ سامنے والی بائیں جیب سے سفید پلاسٹک کے شاپر میں سے 10 پڑیاں آئس برآمد ہوئیں جنھیں پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

مزید تلاشی سے پینٹ کی عقبی جیب سے ایک ہزار روپے بھی برآمد ہوئے۔ پولیس نے غلام مصطفیٰ کی تلاشی کے دوران اس کی پینٹ کے سامنے والی دائیں جیب سے سفید پلاسٹک کے شاپر سے 10 پڑیاں آئس نشہ اور 500 روپے نقدی برآمد کی۔ جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

مدعی کے مطابق پکڑے گئے دونوں ملزمان سے ابتدائی تفتیش کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ ہم دونوں انمول عرف پنکی کے مینجر حسن کے لیے کام کرتے ہیں جو ہم سے واٹس ایپ کے ذریعے مختلف مقامات پر بلاتا اور سامان دیتا ہے جس کے بعد ہم اس کے بتائے ہوئے مقام پر ڈلیوری دیتے ہیں۔

مدعی کے مطابق پکڑے گئے دونوں ملزمان سے برآمد آئس اور کوکین کا وزن پولیس موبائل میں رکھے ہوئے ڈیجیٹل کانٹا سے کیا تو پکڑے گئے عاقب رحمٰن سے برآمد کی گئی کوکین کا وزن 2 گرام معلوم ہوا جبکہ اس کے قبضے سے ملنے والی آئس کا وزن 60 گرام معلوم ہوا۔

دوسرے ملزم غلام مصطفیٰ کے قبضے سے ملنے والی آئس کا وزن 55 گرام معلوم ہوا جس پر پولیس نے دونوں ملزمان کو منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کر کے منشیات اور بغیر نمبر کی موٹر سائیکل سمیت تھانے منتقل کر دیا جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

Source: https://www.express.pk/story/2818163/anmol-pinky-network-2-bike-riders-2818163/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.