میگا ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں جنوبی افریقا نے ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جہاں مڈل آرڈر سمیت بیشتر بیٹرز جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکیں۔
بیٹنگ میں سب سے نمایاں کارکردگی کپتان فاطمہ ثنا کی رہی جنہوں نے 38 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 شاندار چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ طوبیٰ حسن نے 23 رنز بنا کر اسکور کو سہارا دیا تاہم مجموعی طور پر پاکستانی بیٹنگ لائن وقفے وقفے سے دباؤ کا شکار رہی اور غلط رنز لینے کی کوششوں میں 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہو گئیں۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا لیکن پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم بڑی مشکل میں پھنس گئی!
ایک موقع پر جنوبی افریقا کی ٹیم 107 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی اور مقابلہ پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دے رہا تھا۔
تاہم آخری اوورز میں ڈرکسین نے 52 رنز اور ڈی کلرک نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی راہ پر ڈال دیا۔
جنوبی افریقا نے مطلوبہ 127 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں فاطمہ ثنا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے اس سے قبل قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنا اگلا اہم میچ ہفتے کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جہاں ٹیم کے لیے واپسی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے کامیابی انتہائی ضروری ہوگی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.