Native World News

کراچی میں راستہ نہ دینے پر فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی

کراچی میں راستہ نہ دینے پر فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی

متاثرہ فیملی نے پولیس کو تحریری شکایت درج کرادی ہے، ملزمان کی تلاش جاری

کراچی کے علاقے فیروز آباد میں بگڑے امیر زادے جوڑے کی جانب سے کار سوار فیملی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود میں کار سوار فیملی کو لڑکے اور اس کے ساتھ خاتون نے مبینہ طور پر راستہ نہ دینے پر ہراساں کیا اور گاڑی کا شیشہ توڑ دیا۔ مبینہ طور پر دونوں میاں بیوی ہیں۔

واقعے کے وقت گاڑی میں شہری، اہلیہ اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے مشتعل شخص اور خاتون سے بچنے کیلیے دروازے لاک کرلیے تھے۔

سڑک پر ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون نے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو کار میں سوار شخص نے ویڈیو بنالی جس میں اگلا شیشہ ونڈ اسکرین ٹوٹنے کا منظر بھی ریکارڈ ہوگیا۔

اس حوالے سے فیروز آباد پولیس نے رابطہ کرنے پر معلومات دیں کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جبکہ متاثرہ شخص وسیم الطاف نے تحریری شکایت بھی درج کرادی ہے۔

حکام نے بتایا کہ تحریری درخواست موصول ہونے کے بعد متاثرہ فیملی سے رابطہ ہوگیا ہے جو ڈیفنس ویو کی رہائشی ہے اور یہ معاملہ دو خاندانوں کے آپسی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے کہا کہ متاثرہ فیملی نے صرف شکایت درج کرائی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون کو پولیس تلاش کررہی ہے۔

فیروز آباد تھانے میں درج متاثرہ شخص نے بتایا کہ وہ دوپہر 12 بجے اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھا کہ نامعلوم شخص اور خاتون جو ٹویوٹا یارس گاڑی میں سوار تھے انہوں نے میری گاڑی کا سائیڈ مرر اور فرنٹ شیشہ توڑ دیا جبکہ میرے ساتھ گالم گلوش کی اور سرعام بدمعاشی کی۔

درخواست گزار نے یہ بھی لکھا کہ ملزمان نے ہماری گاڑی کا تو نقصان پہنچایا اور ان سب کی میرے پاس بطور ثبوت ویڈیو موجود ہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اسی دوران میں گاڑی میں بیٹھ رہا اور یہ سارا واقعہ دیکھتا رہا۔

متاثرہ شخص نے درخواست میں لکھا کہ اس واقعے کی وجہ سے میں، اہلیہ اور بچے بہت زیادہ خوفزدہ ہوگئے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2814114/karachi-another-harassment-case-with-family-2814114

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.