Native World News

سلمان خان سے دوستی کا خمیازہ؟ گرو رندھاوا کے جم پر فائرنگ، بشنوئی گینگ کی دھمکیاں

سلمان خان سے دوستی کا خمیازہ؟ گرو رندھاوا کے جم پر فائرنگ، بشنوئی گینگ کی دھمکیاں

گلوکار کے سلمان خان سے تعلقات برقرار رہے تو آئندہ مزید حملے بھی کیے جا سکتے ہیں، گینگ کی دھمکی

بھارتی گلوکار گرو رندھاوا ایک نئی پریشانی کا شکار ہوگئے، جب دہلی میں واقع ان کے فٹنس جم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعووں نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے گرو رندھاوا کو براہِ راست خبردار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے علاقے پشم وہار میں موجود گرو رندھاوا کی فٹنس فرنچائز کے جم کو 10 جون کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار، جنہوں نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، جم کے باہر پہنچے اور متعدد گولیاں چلانے کے بعد فرار ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ حکام کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فائرنگ نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔

واقعے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک ایک شخص، انیل پنڈت، کی جانب سے ایک پوسٹ سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ گرو رندھاوا کے جم کو محض ایک انتباہ کے طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ پوسٹ میں الزام لگایا گیا کہ گلوکار سلمان خان کے قریب ہوتے جا رہے ہیں اور اگر یہ تعلقات برقرار رہے تو آئندہ مزید حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں دونوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور حملے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سلمان خان اور لارنس بشنوئی گینگ کے درمیان کشیدگی کی تاریخ کئی برس پرانی ہے۔ اس تنازعے کی بنیاد 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کو قرار دیا جاتا ہے، جس میں سلمان خان پر راجستھان میں فلم کی شوٹنگ کے دوران دو کالے ہرنوں کے شکار کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس جانور تصور کرتی ہے، جس کے باعث لارنس بشنوئی اور اس کے ساتھی طویل عرصے سے سلمان خان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں اور مختلف مواقع پر انہیں دھمکیاں بھی دی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی ہائی پروفائل جرائم اور حملوں کے حوالے سے خبروں میں رہا ہے۔ گینگ پر معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل، کینیڈا میں گپی گریوال کے گھر پر حملے، سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ اور سیاستدان بابا صدیقی کے قتل سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817203/firing-at-guru-randhawa-gym-threats-from-bishnoi-gang-2817203

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.