Native World News

چین نے امریکی سیاسی تجزیہ کار کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کرلیا

چین نے امریکی سیاسی تجزیہ کار کو جاسوسی کے شبے میں گرفتار کرلیا

امریکی میڈیا کے مطابق من زِن 3 جون کو چین کے صوبے یونان کے شہر کنمنگ میں لاپتا ہوئے تھے

بیجنگ: چین نے ایک امریکی شہری کو جاسوسی اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت حراست میں لینے کی تصدیق کر دی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق گرفتار شخص میانمار کی سیاست اور علاقائی معاملات پر تحقیق کرنے والا ایک معروف تجزیہ کار ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ من زِن نامی محقق کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں مجرمانہ تحقیقات کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق من زِن امریکی اور میانماری شہریت رکھتے ہیں اور وہ انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹیجی اینڈ پالیسی میانمار کے بانیوں میں شامل ہیں۔ یہ ادارہ میانمار کی سیاست، قدرتی وسائل اور جاری تنازعات پر تحقیق کرتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق من زِن 3 جون کو چین کے صوبے یونان کے شہر کنمنگ میں لاپتا ہوئے تھے۔ یہ علاقہ میانمار کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ بعد ازاں چینی حکام نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے متعلق گوانگ ژو میں قائم امریکی قونصل خانے کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

من زِن میانمار کی سیاست پر تحقیق کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر معروف سمجھے جاتے ہیں۔ وہ 2021 میں میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور خانہ جنگی پر مسلسل تحقیق اور تجزیے کرتے رہے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق من زِن یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے میں سیاسیات کے شعبے میں پی ایچ ڈی کے طالب علم بھی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گرفتاری کے وقت وہ چین میں کس مقصد کے لیے موجود تھے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے آگاہ ہے اور گرفتار شہری کو قونصلر معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

دوسری جانب چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے اور ملک میں موجود تمام غیر ملکی شہریوں کو چینی قوانین کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

یہ گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تعلقات میں حالیہ مہینوں میں کچھ بہتری دیکھی جا رہی ہے اور دونوں ممالک اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817212/china-detains-us-researcher-on-suspicion-of-espionage-2817212

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.