Native World News

سپریم کورٹ نے سابق اہلیہ پر بدکرداری کا الزام لگانے والے شوہر پر بھاری جرمانہ عائد کردیا

سپریم کورٹ نے سابق اہلیہ پر بدکرداری کا الزام لگانے والے شوہر پر بھاری جرمانہ عائد کردیا

خلع کے بعد خاتون کو مقدمہ بازی میں پھنسانا اسکی عزتِ نفس اور خودمختاری پر شدید حملہ ہے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ خلع کے بعد خاتون کو مقدمہ بازی میں پھنسانا اسکی عزتِ نفس اور خودمختاری پر شدید حملہ ہے، سپریم کورٹ نے عدالتی عمل کا غلط استعمال کرنے والے سابق شوہر پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

سپریم کورٹ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے فیصلے میں کہا سابق شوہر 30 دن کے اندر جرمانے کی رقم اپنی سابقہ اہلیہ کو ادا کرنے کا پابند ہوگا، جرمانہ عدم ادائیگی کی صورت میں فیملی کورٹ کے ذریعے وصول کیا جائے۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سابق شوہر نے خاتون پر بدکردار ہونے کا الزام لگایا جس کا مقصد خاتون کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا، قانونی طور پر خلع لینے اور عدت مکمل کرنے کے بعد خاتون کو دوسری شادی کا مکمل حق حاصل ہے۔

عدالت نے کہا کہ خلع کے بعد دوسری شادی کرنے کے لیے خاتون کو سابق شوہر سے اجازت لینے کی کوئی ضرورت نہیں، جھوٹے فوجداری مقدمات اور کردار کشی کا مقصد صرف دباؤ ڈالنا ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ خواتین کے خلاف مقدمہ بازی کو  ہراساں یا تذلیل کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جاسکتا، ملک بھر کی عدالتیں نکاح کے تنازعات میں قانون کے غلط استعمال پر ہوشیار رہیں، بدنیتی پر مبنی مقدمہ بازی روکنا عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سائلین کی عزتِ نفس کا تحفظ کرنا عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سابق شوہر کی اپیل خارج کر دی۔

واضح رہے کہ 2014 میں پشاور کی فیملی کورٹ نے حق مہر سے دستبرداری پر خاتون کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کی تھی، خلع اور عدت کی تکمیل کے بعد خاتون نے دوسرا نکاح کیا تو سابق شوہر نے نئی مقدمہ بازی شروع کردی تھی۔

Source: https://www.express.pk/story/2818147/supreme-court-imposes-heavy-fine-on-husband-who-accused-ex-wife-of-adultery-2818147/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.