جلوسوں کے راستے میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور نفری تعینات کی جائے گی
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے صوبائی دارالحکومت میں محرم الحرام کی مناسبت سے سکیورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر انتظامی امور کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بھی محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ لاہور کے مرکزی جلوسوں کے گرد حفاظتی حصار، لنگر،پانی اور دودھ کی سبیلوں کے انتظامات مکمل ہیں۔ جلوسوں کے راستے میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور نفری تعینات کی جائے گی۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، پی ایچ اے،ایم سی ایل، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بارش کے پیش نظر مجوزہ پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محفوظ اور پرامن فضا یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع کے علماء اور امن کمیٹیوں سے ملاقات کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے شہریوں سے تعاون اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کی بھی اپیل کی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.