Native World News

ویبھاؤ سوریا ونشی کی دورہ انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کے ساتھ رہنے پر پابندی

ویبھاؤ سوریا ونشی کی دورہ انگلینڈ میں بھارتی ٹیم کے ساتھ رہنے پر پابندی

مختلف مقامات پر موجود سیف گارڈنگ افسران بھارتی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، ای سی بی

بھارت کے کم عمر کرکٹر ویبھاؤ سوریا ونشی کو آئندہ انگلینڈ کے دورے کے دوران خصوصی قوانین کے تحت اپنی ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم استعمال کرنا ہوگا۔

15 سالہ نوجوان کھلاڑی کے لیے یہ انتظام آئی سی سی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے حفاظتی ضوابط کے مطابق کیا گیا ہے جو 16 سال سے کم عمر کھلاڑیوں پر لاگو ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سوریا ونشی میچز اور ٹیم میٹنگز کے دوران بھارتی اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے، تاہم کپڑے تبدیل کرنے اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے انہیں علیحدہ ڈریسنگ روم فراہم کیا جائے گا۔

یہ ضابطہ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوران نافذ ہوگا۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ کم عمر کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مختلف مقامات پر موجود سیف گارڈنگ افسران بھارتی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

مزید برآں، سوریا ونشی کے والدین بھی پورے دورے میں ان کے ہمراہ رہیں گے جس کے اخراجات بھارتی کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا۔

ویبھاؤ سوریا ونشی اس سے قبل آئی پی ایل، بھارت اے اور ڈومیسٹک کرکٹ کی سینئر ٹیموں کے ڈریسنگ رومز کا حصہ رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اگر وہ انگلینڈ یا آئرلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ بھارت کے سب سے کم عمر مرد انٹرنیشنل کرکٹر بن جائیں گے اور سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819079/sooryavanshi-to-use-separate-dressing-room-during-indias-tour-of-england-2819079/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.