Native World News

پاکستان امریکا ایران معاملے میں بہت پیچیدہ ایشو کو ڈیل کررہا ہے، سکیورٹی ذرائع

پاکستان امریکا ایران معاملے میں بہت پیچیدہ ایشو کو ڈیل کررہا ہے، سکیورٹی ذرائع

تمام صورتحال میں پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، آئی ایس پی آر نے صرف2پریس ریلیز جاری کیں، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا ایران کے معاملے پر ایک ایسے ایشو کو ڈیل کر رہا ہے جو  بہت پیچیدہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سیکیورٹی حکام  نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اس میں کردار ثالث کا ہے، فیلڈ مارشل کا اس معاملے میں ایک ہی انٹرسٹ ہے، وہ ہے امن اور استحکام۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا اگر  یہ جنگ نہ رکتی تو اس کے سنگین نتائج ہوتے، ہم ہیڈلائن ڈپلومیسی میں دلچسپی نہیں رکھتے، پاکستان نے ثالثی کے تمام تقاضے پورے کیے ہیں ، دنیا کو  آہستہ آہستہ اس کا ادراک ہو رہا ہےکہ پاکستان نےکیا کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق عظیم لڑائی وہ ہوتی ہے جہاں آپ بغیر لڑے جنگ جیتیں، ابھی بھی اس معاملے میں بگاڑ پیدا کرنے والے موجود ہیں، اسرائیل کا انٹرنیشنل میڈیا پر اثر و رسوخ ہے، قطر، سعودی عرب، ترکیے، مصر اور یو اے ای کو بھی اس کا کریڈٹ جاتا ہے،  ان سب ممالک نے پاکستان کی امن کی خواہش پر لبیک کہا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے ایران، سعودی عرب امریکا سب ممالک کے ساتھ الگ الگ تعلقات ہیں، افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کے بھارت کے دورے سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، کون کس سے مل رہا ہے اس سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، ہم اتنے تنگ نظریے کے ساتھ چیزوں کو نہیں دیکھتے، ہمارے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے متوازن اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، جس کے باعث متعلقہ فریقین کا پاکستان پر مکمل اعتماد برقرار رہا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سفارتی سطح پر ایسے اقدامات کیے جن سے دونوں گروپس کو پاکستان کی غیر جانبداری اور مثبت کردار پر اعتماد حاصل رہا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلم ممالک نے بھی پوری صورتحال میں تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں میں اللہ تعالیٰ کی مدد شامل رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر خدانخواستہ جنگ کا دائرہ مزید پھیل جاتا تو توانائی، معیشت اور سکیورٹی کے شعبوں پر اس کے انتہائی سنگین اثرات مرتب ہوتے، جن کے جھٹکے امیر اور غریب سب کو محسوس کرنا پڑتے۔

ذرائع نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں پاکستانی میڈیا نے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، آئی ایس پی آر نے صرف دو پریس ریلیز جاری کیں جبکہ وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات دنیا بھر کے لیے یکساں طور پر جاری کیے گئے اور کسی مخصوص فریق کو الگ پیغام نہیں دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل کے ایران کے دورے سمیت مختلف سفارتی رابطوں نے کشیدگی کم کرنے اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث پاکستان خطے میں ایک مؤثر اور قابل اعتماد کردار کے طور پر سامنے آیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 15 جون 2026 تک 32092 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیےگئے، دہشتگردی کی 2170 کارروائیاں ہوئیں، 64 فیصد خیبرپختونخواہ اور 34 فیصد بلوچستان میں ہوئیں، 1861 دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا، 640 پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور  شہری شہید ہوئے، 862 دہشتگرد غضب للحق آپریشن افغانستان میں مارےگئے باقی 999 پاکستان میں ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کا پہلا نشان حیدر کشمیر سے ہے، ہمارا ایشو دہشتگرد رجیم سے ہے وہاں کی عوام سے نہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی نے بھی پیسا لگایا، مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے، سوال کیا کہ کیا وہ وہاں کے مسلمانوں کو خرید سکتے ہیں؟ کیا وہاں سے پاکستان کیلئے لوگوں کے جذبات سامنے نہیں آئے، بھارت مقبوضہ کشمیرکا ملٹری کے ذریعے بھی کچھ نہ کرسکا اس لیے آزاد کشمیر میں آگ لگائی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حقوق کی تحریک سے آغاز کیا گیا،  ہماری ڈیفالٹ آپشن ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے،  اصل کہانی کیا ہے یہ سامنے آنے میں وقت لگا، ہمیں پتا تھا جے اے اے سی کا ایجنڈا کیا ہے، یہ کدھر سے آرہے ہیں، بی وائے سی کو جب دہشتگرد تنظیم کہا گیا تب بھی بہت شور مچا تھا، پھر بی وائے سی بھی کھل کر سامنے آگئی۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے لوگوں کو کہا ہے اپنی دکانیں کھولیں لیکن جے اے اے سی نے عوام کو کہا ہے جو دکانیں کھولے گا ہم آگ لگا دیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت پولیٹیکل پراسیس فالو کررہی تھی، آزاد کشمیر میں بیٹھ کر ریاست مخالف نعرے لگائے جا رہے ہیں، ریاست پیار محبت سے ڈیل کررہی ہے، ریاست ہمشہ پہلے ماں بن کے ڈیل کرتی ہے بعد میں باپ بنتی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ ہر لمحے جے اے اے سی مزید کھل کر سامنے آرہی ہے، ان کو آئینی، قانونی طریقے سے ڈیل کیا جائے گا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہمارے اندرونی چیلنجز میں دہشتگردی بھی ہے، اب جنگ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہوچکی ہے، اس تناظر میں بجٹ کم ہے، ملٹری اور سیاسی لیڈر شپ کو بھی اس کا احساس ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج میں 40 فیصد کےقریب جوان کشمیر  سے تعلق رکھتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کسی بھی ملاقات کی تردید کردی، بتایا گیا کہ 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817803/pakistan-is-dealing-with-a-very-complex-issue-in-the-us-iran-case-security-sources-say-2817803

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.