Native World News

پشاور؛ افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ بنانے والا منظم گینگ گرفتار

پشاور؛ افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ بنانے والا منظم گینگ گرفتار

ملزمان بھاری رقوم کے عوض غیرملکی شہریوں کو جعلی طریقے سے پاکستانی شہریوں کے شجرہ نسب میں شامل کرتے تھے، پولیس

پشاور میں افغان باشندوں کو پاکستانی شناختی کارڈز میں ردوبدل کرکے پاکستانی خاندانوں میں شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، گینگ 15 لاکھ روپے افغان باشندوں سے وصول کرتا اور انہیں پاکستانی شناختی کارڈز، غریب خاندانوں کے فیملی ٹری میں شامل کرلیتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس پی فقیر آباد ڈویژن ریشم جہانگیر کی ہدایت پر ولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرنے میں ملوث منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ملزمان اعتزاز، سلیمان خان،  نسیم شاہ، فواد، عرفان اجمل، آصف اور قاری بشیر کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کا تعلق ایک منظم گروہ سے ہے، جن کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد کرلی گئی ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ گینگ صوبے کے مختلف اضلاع سمیت پشاور میں ایجنٹس کے ذریعے ایسے کمزور اور ضرورت مند پاکستانی شہریوں کو تلاش کرتا تھا، جن سے ان کے خاندانی اور پاکستانی دستاویزات حاصل کیے جاتے تھے۔

بعد ازاں ملزمان بھاری رقوم کے عوض غیرملکی شہریوں کو جعلی طریقے سے پاکستانی شہریوں کے شجرہ نسب میں شامل کرکے ان کے لیے غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرواتے تھے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ حالیہ سیکیورٹی صورت حال کے تناظر میں بعض غیرملکی عناصر اور ان کے سہولت کار حساس معلومات اکٹھی کرنے میں بھی ملوث رہے ہیں، جس پر پولیس اور دیگر حساس ادارے مشترکہ طور پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ گزشتہ دنوں فقیر آباد ڈویژن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس گینگ کی شاخیں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی منظم انداز میں کام کر رہی ہیں، جن کے خلاف جلد مزید کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پولیس اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے کیونکہ جعلی شناختی دستاویزات نہ صرف قومی سلامتی بلکہ قانونی و انتظامی نظام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں تاہم بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Source: https://www.express.pk/story/2813967/peshawar-afghan-citizen-pakistani-nic-gang-arrested-2813967/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.