Native World News

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال پر سماعت 19 مئی کو ہوگی

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال پر سماعت 19 مئی کو ہوگی

گزشتہ سماعت پر ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو نوٹس جاری کرکے ہدایت کی گئی تھی کہ آئندہ سماعت پیش ہوں

وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس راجا انعام امین منہاس کے بینچ میں 19 مئی کو ہو گی۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں یا کسی ایسے ذمہ دار افسر کی موجودگی یقینی بنائیں جو اس معاملے سے مکمل آگاہی رکھتا ہو۔

عدالت نے یونیورسٹیز کی سرویلنس کے لیے میکنزم پر پولیس اور اے این ایف کو معاونت کی ہدایت کر رکھی ہے۔

لکی فاؤنڈیشن نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خاتمہ کے لیے کاشف علی ملک ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر سماعت 19مئی کو ہو گی۔

گزشتہ سماعت پر وزارتِ تعلیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ تعلیمی اداروں کے اندر نشہ آور سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں سے باہر کے معاملات پولیس اور اے این ایف کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

پیمرا کی تحریری رپورٹ کو گزشتہ سماعت پر عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا تھا جس کے مطابق 17 فروری کو اے این ایف کو ایک خط ارسال کیا گیا تھا تاکہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوامی آگاہی کے پیغامات کی تیاری اور تشہیر کی جا سکے تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اے این ایف کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ اس معاملے کی پیروی کریں گے اور آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کریں گے۔

وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے یونیورسٹیز کی جانب سے کوئی نمائندگی موجود نہیں جس پر عدالت نے اے این ایف اور پولیس کو ہدایت کی تھی کہ وہ یونیورسٹیز میں نگرانی کے نظام کے حوالے سے عدالت کی معاونت کریں۔

Source: https://www.express.pk/story/2813366/hearing-on-drug-use-in-islamabads-educational-institutions-to-be-held-on-may-19-2813366

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.