یوٹیوبر نے اپنے وی لاگ میں کہا تھا کہ اگر پارٹی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کرے تو وہ بھی اس میں شامل ہونگے
کاکروچ جنتا پارٹی نے معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کا بڑا مطالبہ پورا کردیا جس کے بعد اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا دھرو راٹھی اپنی بات پر عمل کرتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی کو جوائن کریں گے یا نہیں۔
بھارت میں سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی طنزیہ مہم ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ اب ایک سنجیدہ عوامی تحریک کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے جسے معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کی حمایت بھی حاصل ہو گئی ہے۔
یہ مہم اس وقت سامنے آئی جب بھارتی چیف جسٹس کے ایک بیان میں نوجوانوں کو ’کاکروچ‘ قرار دینے پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے طنزیہ انداز میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔
اس مہم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے محض چند دنوں میں لاکھوں فالوورز حاصل کیے اور یہ تعداد اب کروڑوں تک پہنچ چکی ہے۔
اس تحریک کے بانی ابھیجیت دیپکے ہیں جنہوں نے ابتدا میں اسے ایک طنزیہ مہم کے طور پر شروع کیا تاہم اب یہ مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر آواز اٹھانے کا ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی بڑی تعداد اس مہم کے ساتھ جڑ رہی ہے اور اسے اپنے جذبات کے اظہار کا پلیٹ فارم بنا رہی ہے۔
دھرو راٹھی نے اپنے وی لاگ میں اس مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسے حکومت مخالف پروپیگنڈا قرار دینا درست نہیں بلکہ یہ نوجوان نسل کے اندر پائی جانے والی بے چینی، مایوسی اور غصے کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن، بے روزگاری اور کمزور تعلیمی نظام جیسے مسائل نے نوجوانوں کو شدید متاثر کیا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ’نیٹ‘ امتحان کے پرچہ لیک اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ وزیر تعلیم کے استعفے کو اپنے منشور کا حصہ بنائے، اگر ایسا ہوا تو وہ بھی اس پارٹی کو جوائن کریں گے۔
ابھیجیت دیپکے نے وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے اُن کے خلاف آن لائن مہم شروع کردی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس مہم کا حصہ بنیں۔ اس پیشرفت کے بعد سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا دھرو راٹھی اب کاکرچ جنتا پارٹی جوائن کرتے ہیں یا نہیں؟۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.