Native World News

اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

قرض انشورنس شعبے میں اصلاحات اور کوریج بڑھانے کے لیے خرچ ہوگا

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں انشورنس شعبے کی اصلاحات اور مالی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرضے کی منظوری دے دی ہے۔

پروگرام کا مقصد انشورنس کوریج میں اضافہ، مالیاتی تحفظ کے خلا کو کم کرنا، نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے منظور کردہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت پاکستان کے انشورنس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ گھریلو صارفین، کاروباری اداروں، کسانوں اور سرکاری مالیات کو موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی آفات اور دیگر معاشی و سماجی خطرات سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

توقع ہے کہ ان اصلاحات سے مالیاتی کمزوریوں میں کمی آئے گی، بحرانوں اور آفات کے بعد بحالی کا عمل تیز ہوگا اور قومی خزانے پر پڑنے والا مالی دباؤ بھی کم ہوگا۔

پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ یہ پروگرام انشورنس سیکٹر کو روایتی ضابطہ جاتی نظام سے نکال کر جدید، رسک بیسڈ اور مارکیٹ پر مبنی فریم ورک کی جانب منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق مجوزہ اصلاحات ترقیاتی منصوبوں کے لیے طویل المدتی سرمایہ کاری کو متحرک کریں گی، گھریلو اور کاروباری شعبوں کے مالی تحفظ کو وسعت دیں گی اور انشورنس مارکیٹ کو مزید مسابقتی، جامع اور مضبوط بنائیں گی۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کا مالیاتی نظام اب بھی بڑی حد تک بینکنگ سیکٹر پر انحصار کرتا ہے جبکہ انشورنس کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے اسی وجہ سے بڑی تعداد میں خاندان، کاروباری ادارے اور کسان ماحولیاتی، صحت اور معاشی جھٹکوں کے مقابلے میں مالی طور پر غیر محفوظ ہیں۔

پروگرام کے تحت خصوصی طور پر کسانوں، خواتین اور کمزور طبقوں کے لیے جامع اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قابل انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی۔ خواتین اور بچیوں کی ضروریات کے مطابق انشورنس سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مصنوعات، ڈیجیٹل رسائی اور صنفی بنیادوں پر مرتب کردہ ڈیٹا کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ مالی تحفظ کے مواقع مزید وسیع ہو سکیں۔

اس پروگرام کے ذریعے ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن سسٹمز، سیٹلائٹ کی مدد سے رسک اسیسمنٹ، پیرا میٹرک انشورنس اور رسک پولنگ جیسے جدید طریقہ کار متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ان اقدامات سے انشورنس دعوؤں کی ادائیگی کے عمل کو بہتر بنانے اور شہریوں کی انشورنس خدمات تک رسائی آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ پروگرام پاکستان میں سرمایہ کاری کی منڈیوں اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ طویل المدتی بچتوں کو متحرک کر کے انفرا اسٹرکچر منصوبوں کی مالی معاونت، بانڈ مارکیٹ کی ترقی اور سالانہ پنشن نظام کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818082/adb-approves-700-million-loan-for-pakistan-2818082

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.