Native World News

رضاکاروں کیساتھ ہتک آمیز سلوک کی ویڈیو؛ عالمی رہنماؤں کی مذمت؛ نیتن یاہو بھی ناراض

رضاکاروں کیساتھ ہتک آمیز سلوک کی ویڈیو؛ عالمی رہنماؤں کی مذمت؛ نیتن یاہو بھی ناراض

اسرائیلی وزیر نے امدادی رضاکاروں کیساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی کی

اسرائیلی ناکہ بندی توڑ کر غزہ امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کرنے والے صمود فلوٹیلا کے زیرِ حراست رضاکاروں کی ہتک آمیز ویڈیوز جاری ہونے کے بعد اسرائیلی وزیر کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ویڈیو اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے جاری کی تھی جس میں امدادی رضاکاروں کو ہتھکڑیوں میں جکڑے اور سرنگوں انداز میں زمین پر بیٹھے دکھایا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر نے اس موقع پر ہتک آمیز سلوک کیا، نفرت آمیز جملے کہے، اسرائیل پرچم لہرایا اور وزیراعظم نیتن یاہو سے ان رضاکاروں کو طویل عرصے تک جیل میں قید رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس ہتک آمیز ویڈیو نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ مختلف ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی وزیر کے امددی رضاکاروں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کو انسانی وقار کے منافی قرار دیا۔

خود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی اس معاملے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف کی یہ حرکت ملکی وقار اور قوانین کے منافی ہے۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ان ویڈیوز نے اسرائیل کی سفارتی پوزیشن کو نقصان پہنچایا اور یہ مناظر عالمی سطح پر اسرائیل کے لیے شرمندگی کا باعث بنے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے بھی قوم سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ اسرائیل کا چہرہ نہیں ہیں۔ آپ کے عمل نے ریاست کی ساکھ متاثر کی ہے۔

اٹلی نے رضاکاروں کے ساتھ رویے کو انسانی وقار کی توہین قرار دیتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو طلب کرنے کا اعلان کیا۔

آئرلینڈ کے وزیر اعظم نے بین الاقوامی پانیوں میں کشتیوں کو روکنے کو ناقابل قبول قرار دیا جبکہ اسپین اور انڈونیشیا نے فوری رہائی اور رضاکاروں کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

ترکیہ نے اسرائیلی کارروائی کو سمندری ڈاکہ زنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی کارکنوں کے ساتھ ایسا سلوک بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ فلسطینی تنظیم حماس نے بھی اسے اسرائیل کے اخلاقی زوال اور سفاکیت سے تعبیر کیا۔

اسرائیل میں عرب اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم عدالہ نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی حکام جان بوجھ کر رضاکاروں کی تضحیک کر رہے ہیں۔

تنظیم کے وکلا نے اشدود بندرگاہ پر زیرِ حراست کارکنوں سے ملاقات کے بعد فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کینیڈا، فرانس، اٹلی، بیلجیئم اور نیدرلینڈز نے احتجاجاً اسرائیلی سفیروں کو طلب کر لیا۔ ان ممالک نے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر کی جانب سے جاری ویڈیو میں دکھائے گئے سلوک کو انسانی وقار کے خلاف قرار دیا۔

یونان، برطانیہ اور جرمنی نے بھی ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی رضاکاروں کے ساتھ ایسا رویہ ناقابل قبول ہے۔

یورپی ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ حراست کارکنوں کے حقوق اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813950/israeli-minister-video-on-samud-fotila-2813950/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.